خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق معلومات پاکستان کو فراہم کردیں، ایرانی وزیرخارجہ

بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق معلومات پاکستان کو فراہم کردیں، ایرانی وزیرخارجہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق جتنی بھی معلومات تھیں وہ پاکستان کو فراہم کردی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز 2 خود کش حملہ آوروں نے ایران میں داخلے کی کوشش کی جسے پاکستان کی مدد سے ناکام بنادیا گیا۔ جواد ظریف نے کہا کہ کسی کو بھی ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہر گز استعمال کرنے نہیں دیں گے جب کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق تمام معلومات پاکستان کو فراہم کردیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات بہت بہتر ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ ایران سعودی عرب تعلقات میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کا آغاز کیا اور جب وہ ایران آئے تو ان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف جب سعودی عرب گئے اور انہوں نے ثالثی کی بات کی تو اس کا وہاں خیرمقدم نہیں ہوا۔ جواد ظریف نے کہا کہ ایران سی پیک منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں ایران چین کو بھی شامل کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایک سوال پر جواد ظریف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آئندہ بھی سہولت کاری کے لئے تیار ہیں۔
نوٹ: ایرانی وزیر خارجہ کا انٹرویو آج رات 8 بجکر 5 منٹ پر پروگرام ‘کیپٹل ٹاک’ میں دیکھ سکتے ہیں۔