خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی جوڑے نے شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرلیے

بھارتی جوڑے نے شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرلیے
نگلور:(ملت آن لائن)جنوبی بھارت کے علاقے بنگلور میں ایک جوڑے نے اپنی شادی کے تحفے میں ’بٹ کوائن‘ طلب کرکے کرپٹو کرنسی کو بطور تحفہ رائج کرنے کی ابتدا کردی‘ یاد رہے کہ سنہ 2010 میں بٹ کوائن اتنے سستے تھے کہ 10 ہزار یونٹ میں محض 2 پیزا خریدے جاسکتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلورمیں رہنے والے پرشانت شرما اور نیتی جو کہ ایک ڈیجیٹل کمپنی کے مالک ہیں ‘ انہوں نے اپنی شادی کےموقع پر عزیز و اقارب سے تحفے کے طور پر بٹ کوائن دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان دونوں کے بہت سے دوست بھی مختلف ٹیکنالوجی کمپنیز سے وابستہ ہیں اور سب نے ان کی اس خواہش کو خوش آمدید کہا۔پرشانت شرما کا کہنا ہے ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ٹیکنالوجی ہر معاملےمیں آگے آئی ہے‘ ایسے ہی اسے مستقبل کے تحائف کے طور پر دیکھنےکا سلسلہ شروع ہوجائے۔ اس سلسلے میں ہم نے سب سے پہلے اپنے والدین سے بات کی اور ان کا ردعمل انتہائی مثبت رہا۔اس جوڑےکی شادی 9 دسمبر کو ہوئی اور شادی سے محض چار دن قبل بھارت کے سنٹرل بنک نے بٹ کوائن میں انویسٹمنٹ کرنے والوں کو تیسری بار وارننگ جاری کی ہے کہ وہ ایسا اپنے رسک پر کریں۔ تاہم اس جوڑے کے دوستوں اور اہل خانہ کو اس وارننگ نے کوئی خاص متاثر نہیں کیا۔پرشانت اور نیتی کا یہ تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور تقریب میں شریک 200 مہمانوں میں سے محض 15 افراد نے انہیں روایتی تحفے دیے باقی سب نے انہیں بٹ کوائن خرید کردیے۔ سلامی میں ملنے والے ان بٹ کوائن کی قیمت بھارتی کرنسی کے حساب سے لگ بھگ ایک لاکھ روپے ہے جو کہ ڈیڑھ ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے۔