خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی ریاست بہار اورآسام میں سیلاب سے47 افراد ہلاک

بہار/ آسام:(اے پی پی) بھارتی ریاست بہار اور آسام میں سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔ بھارتی محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث صوبہ بہار کے کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں لیکن 10 اضلاع میں سیلاب کے باعث نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگیا ہے جس سے 22 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست آسام میں شید بارشوں اور سیلاب کے باعث 21 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 19 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ لاکھم پور، گولا گھاٹ، جورہٹ دھیماجی سمیت بکسا اور نالباری کے اضلاع سیلاب کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں تاہم علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔