خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی ریاست تری پورہ میں رکن اسمبلی کا انوکھا احتجاج

نئی دہلی: (ملت+آئی این پی)دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعوے دار بھارت میں ارکان اسمبلی ایسی حرکتیں کرتے ہیں کہ جگ ہنسائی کا باعث بن جاتے ہیں، بھارتی ریاست تری پورہ کی اسمبلی میں اجلاس شروع ہونے پر ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔ اسمبلی کے ایک رکن احتجاجا اسپیکر کی گرز اٹھا کر بھاگ گئے۔حزب اختلاف کی جماعت ٹی ایم سی کے ارکان وزیر جنگلات نریش جماتیا کے خلاف احتجاج کرتے سپیکر کے ڈیسک کے سامنے آ گئے۔ سپیکر کی جانب سے توجہ نہ ملنے پر رکن اسمبلی سدیپ رائے برمن نے سپیکر کی گرز اٹھائی اور دوڑ لگا دی۔ وہاں موجود سب لوگ ہکا بکا کھڑے دیکھتے رہے۔ چند سیکنڈز بعد ہوش آیا تو برمن کمرے سے باہر جا چکے تھے۔شرمندگی کے مارے سپیکر رمیش چندر دیبناتھ اٹھ کر اپنے چیمبر میں چلے گئے۔ اسمبلی کے سیکورٹی سٹاف نے برمن کے پیچھے دوڑ لگائی اور چند سیکنڈز میں گرز لے کر واپس آ گئے۔تریپورہ اسمبلی میں اسپیکر کا گرز لے کر بھاگنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔