نئی دہلی ۔ (ملت+اے پی پی) بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 357 ہوگئی ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو کر امدادی کیمپوں میں مقیم ہیں۔ سیلاب سے ریاست میں انفراسٹرکچر کو تین ارب ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست کیرالا میں مئی کے آخر سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے پورے پورے دیہات ملیا میٹ ہوگئے ہیں۔ سیلاب اور مختلف حادثات کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 357 سے تجاوز کر چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ریاستی محکمہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 3 لاکھ 53 ہزار افراد کو مختلف علاقوں میں قائم کیے گئے 3026 ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ بھارت کی بری فوج، فضائیہ اور بحریہ کے ہزاروں فوجی اور دوسرے اداروں کے اہلکار سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔