خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو سخت جواب دیں گے: بھارت کی ہرزہ سرائی

بنگلور (ملت + آئی این پی) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے ،کوئی کسی بھی شک میں نہ رہے ہم مکمل طور پر تیار ہیں اگر کسی نے بھی بھارت کی سلامتی کے مفاد کو چیلنج کیا تو ہم اسکے خلاف ہر قسم کی کاروائی کریں گے ، پاکستانی آرمی چیف جنرل باجوہ کا خیر مقدم کرتا ہوں جنھوں نے فورسز کو صورتحال سمجھنے کے قابل بنایا۔منگل کو بھارتی میڈیاکے مطابق ایرو انڈیا 2017نمائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پریکر کا کہنا تھا ہے کہ بھارت پاکستان اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے ۔کوئی کسی بھی شک میں نہ رہے ہم مکمل طور پر تیار ہیں اگر کسی نے بھی بھارت کی سلامتی کے مفاد کو چیلنج کیا تو ہم اسکے خلاف ہر قسم کی کاروائی کریں گے ۔میری تیاری جارحانہ نہیں بلکہ ایک آزاد مشق ہے ۔میں کیا کرتا ہوں اس پر پڑوسیو ں کو فکر مند نہیں ہونا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں بھارتی وزیر دفاع نے کہاکہ سرحد پر خاموشی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں تیار نہیں رہنا چاہیے میں پاکستانی آرمی چیف جنرل باجوہ کا خیر مقدم کرتا ہوں جنھوں نے فورسز کو صورتحال سمجھنے کے قابل بنایا۔انھوں نے کہاکہ ہر کوئی اپنے پڑوسیوں سے اچھے تعلقات رکھ کر خوشحال ہوسکتا ہے ۔منوہر پریکر نے دفاع میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے آر ایس ایس کے موقف پر بھی بات کرتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی آئی کے مسائل پر نامطابقت ہے لیکن ہم قومی سلامتی کی تشویش میں رکھیں گے ۔