خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی سلوراسکرین پر آنے والےکسی بھی اداکار سےکم نہیں، لالو پرساد

بہار:(اے پی پی) راشٹریا جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادیو اپنے چٹکلے بیانات کی وجہ سے اکثر شہ سرخیوں میں رہتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر اداکاری کے شوق نے انہیں خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔ بہارکے سابق وزیراعلیٰ لالوپرساد یادیو سے اداکارعرفان خان نے ملاقات کی جو اپنی نئی آنے والی فلم “مداری” کی پروموشن میں مصروف ہیں، ملاقات کے دوران لالو پرساد یادیو نے ادکاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی زندگی پر فلم بنائی گئی تو وہ اس میں مرکزی کردار خود ادا کرنا چاہیں گے کیوں کہ وہ سلوراسکرین پر آنے والے کسی اداکار سے کم نہیں۔ فلم میں ہیروئن کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کی ذمہ داری وہ عرفان خان پر ڈالتے ہیں۔ لالوپرساد یادیو کا کہنا تھا کہ وہ اسکول اور کالج کے زمانے سے ہی لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے مداح ہیں جب کہ ہیمامالنی اور وجنتی مالا ان کی پسندیدہ اداکارائیں ہیں جن کی فلمیں وہ بہت شوق سے دیکھا کرتے تھے۔ لالو پرساد یادیو اس سے قبل فلم ’’پرماشری لالو پرساد یادیو‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔