خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی شہری ستیارتھی کوچوری شدہ نوبل امن انعام واپس مل گیا

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کے ساتھ 2014 میں نوبل امن انعام حاصل کرنے والے بھارتی شہری کیلاش ستیارتھی کو چوری ہونے والامیڈل اور دیگر سامان واپس مل گیا ،پولیس نے چوری کے الزام میں 3بھائیوں کو گرفتارکرلیا۔۔بھارتی میڈیا کے مطابق نوبل امن انعام حاصل کرنے والے بھارتی شہری کیلاش ستیارتھی کو چوری شدہ میڈل اور دیگر سامان پولیس نے برآمد کرکے واپس لوٹا دیا ۔ یہ میڈل گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں واقع ان کے گھر سے چوری ہو گیا تھا۔۔دہلی پولیس کے مطابق ستیارتھی کے گھر سے چوری ہونے والا یہ میڈل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے اور چوری کے شبے میں تین بھائیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق میڈل کے ساتھ چوری ہونے والا سرٹیفیکیٹ تاہم ابھی تک برآمد نہیں ہو سکا ہے مگر اسے بھی جلد تلاش کر لیا جائے گا۔یاد رہے کہ کیلاش ستیارتھی کو بھارت میں بچوں سے جبری مشقت اور ان کی اسمگلنگ کے حوالے سے کام کرنے پر 2014 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔انہیں یہ انعام لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ مشترکہ طور پر دیا گیا تھا۔