بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں صرف جون میں 33 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ 236 افراد زخمی ہوئے۔
کشمیر میڈیا سیل کے مطابق قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ بھی اپنی روایتی جارحیت اور ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے رکھا۔ ماہ جون کے 30 دنوں میں 33 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ شہدا میں 4 کم سن بچے بھی شامل ہیں جبکہ یونیورسٹی کے 3 طالب علموں کو دوران حراست ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
جون میں بھارتی فوج نے بلا تخصیص بزرگ خواتین اور بچوں سمیت نہتے مظاہرین پر آنسو گیس شیلز، گولیاں اور پیلٹ گن کا استعمال جاری رکھا جس کے نتیجے میں 239 افراد زخمی ہوئے۔ اس دوران 22 گھروں کو مسمار کیا گیا اور حریت پسند رہنماؤں سمیت 176 بے گناہ کشمیریوں کو کسی مقدمے کے بغیر ہی گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان میں نام نہاد سیز فائر کے دوران بھی بھارتی فوج نے جارحانہ آپریشن جاری رکھا۔ سیز فائر کی توسیع میں اختلاف کے باعث مودی اور محبوبہ مفتی کی اتحادی حکومت میں پھوٹ پڑ گئی جس پر وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے استعفی دے دیا۔ دوسری جانب دہلی کی سرکار نے بھارتی فورس کو نئے ٹاسک کے ساتھ کشمیر میں سخت آپریشن کا حکم نامہ جاری کیا۔