خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی وزارت داخلہ کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو آزاد ی پسند رہنماؤں کی سرگرمیوں پر کڑی نظررکھنے کی ہدایت

سرینگر:(اے پی پی) بھارتی وزارت داخلہ نے مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت اور اپنی فورسز کو آزادی پسند رہنماؤں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارت کو خدشہ ہے کہ آزادی پسند رہنما حال میں ہندواڑہ اور کپواڑہ میں پیش آنیوالے واقعات کے تناظر میں ایک بھر پور احتجاجی تحریک چلانے کی کوشش کر سکتے ہیں جبکہ خفیہ اداروں نے اپنی حکومت کو اس حوالے سے خبر دار کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی جی این این کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کٹھ پتلی حکومت اور فورسز سے کہا گیا ہے کہ وہ آزادی پسند جماعتوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ بھارت مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی عسکری کارروائیوں سے بھی انتہائی خوف کاشکار ہے۔ بھارتی خفیہ اداروں نے بھی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسند بھارتی فورسز پر حملوں میں شدت لاسکتے ہیں۔ خفیہ اداروں کی ان اطلاعات سے بھارتی حکومت انتہائی حواس باختہ ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے میں تین ہزار سے زائد مزید نیم فوجی اہلکار بھیجنے کے ساتھ ساتھ کٹھ پتلی انتظامیہ کو بھی تازہ ایڈوائیزری جاری کی ہے۔