خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت: اسلحہ ڈپو میں آتشزدگی؛3 افراد گرفتار

نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی ریاست مہاراشٹر میں فوج کے اسلحہ ڈپو میں آتشزدگی کے واقعے میں ملوث 3افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی اسلحہ ڈپو میں گزشتہ روز لگنے والی آگ کے واقعے میں ملوث 3افراد کو گرفتا ر کر لیا گیا ہے جبکہ چوتھے کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔دوسری جانب واقعے کی تفتیش کیلئے ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جو اسلحہ ڈپو کا دورہ کرے گی اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ وزیر اعظم نریندر مودی اور آرمی چیف کو پیش کریگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ریاست مہاراشٹر میں ناگپور کے علاقے پلگاں میں فوج کے سب سے بڑے اسلحہ ڈپو میں بڑے پیما نے پر آگ بھڑ ک اٹھی جس میں20فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ ڈپو میں ایک شیڈ میں آگ لگی تھی جہاں میزائل اور دیگر مہلک اسلحہ ذخیرہ کرکے رکھا گیا تھا ۔آگ پر قابو پالیا گیا ہے مگر ابھی مزیدآگ بھڑکنے یا دھماکوں کا امکان موجود ہے۔