خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت اور یورپی یونین کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے پرمذاکرات

برسلز:(اے پی پی) بھارت اور یورپی یونین نے سرمایہ کاری کے لئے معاہدے پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیا ذرائع کے مطابق بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی نے برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس میں شرکت کی جس میں دونوں فریقوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدے کے لئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ خارجہ امور اور سیکورٹی معاملات میں دونوں کی شراکت داری ہو گی اور یورپین انوسٹمنٹ بینک لکھنؤ میں میٹرو لائن منصوبے پر عمل کے لئے45 کروڑ یورو کا قرضہ فراہم کرے گا۔البتہ اس اجلاس میں فریقین بھارت اور اطالوی میرینز کا 4 سال پرانا تنازع حل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔بھارت کے وزیر اعظم نے بیلجیئم کے تاجروں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی۔ بھارت اور بیلجیئم کے وزرائے اعظم نے ایشیاء کے سب سے بڑے آپٹیکل ٹیلی اسکوپ کا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے افتتاح بھی کیا۔ یہ ٹیلی اسکوپ بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں دونوں ملکوں کے درمیان سائنسی تحقیقات میں تعاون کے لئے استعمال کیا جائے گا۔