خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت سندھ طاس معاہدے پر پاکستان سے مذاکرات پر آمادہ

نئی دہلی:(ملت+اے پی پی) بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر پاکستان سے دوطرفہ مذاکرات کے لیے رضامندی ظاہرکردی ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر غیر جانبدار ماہر کا تقرر روکنے جبکہ پاکستان اورہندوستان کو آبی تنازع جنوری تک حل کرنے کی ہدایت پر بھارت کی جانب سے تفصیلی جواب میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے آبی تنازع پر دو طرفہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ میڈیا بریفنگ میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ سے سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد پر یقین رکھا ہے جس میں تکنیکی سوالات اور اختلافات کا تدارک شامل ہے۔ اس تنازع کو دو طرفہ بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مثالیں موجود ہیں جب 1978 میں سلال ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ میں دونوں حکومتوں نے اس قسم کے معاملات کومذاکرات کے ذریعے کامیابی سے حل کیا۔ اگر ان معاملات کومناسب نظام کے تحت حل کرنے کی کوشش کی جائے توکوئی وجہ نہیں کہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کو دونوں جانب کے پیشہ وراورتکنیکی ماہرحل نہیں کرپائیں۔ بھارت نے عالمی بینک کو تجویز دی ہے کہ جلد بازی نہ کی جائے اور اس حوالے سے مزید مشاورت کی جائے۔ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ عالمی بینک معاملے کو پہچان گیا ہے۔ یقین ہے کہ مشاورت کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔