بھارت میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آگئی، 13 بچے ہلاک
لکھنؤ:(ملت آن لائن) بھارتی ریاست اترپردیش میں اسکول وین ٹرین کی زد میں آنے سے 13 بچے ہلاک جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔ ریاست اترپردیش میں کشی نگر کے قریب اسکول وین ریلوے کراسنگ سے گزرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اسکول بس میں 20 سے 30 بچے موجود تھے جن میں سے 13 موقع پر ہی جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ واقعہ ممکنہ طور پر وین ڈرائیور کی غفلت اور جلد بازی کی وجہ سے پیش آیا۔
مقامی پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 7 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول وین کشی نگر ٹاؤن میں دودھی کے قریب ریلوے کراسنگ پر سے گزر رہی تھی۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ آدیتیہ ناتھ نے موقع پر پہنچ کر مرنے والے بچوں کےلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔ جب کہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں رواں ماہ اسکول وین کو پیش آنے والایہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ملکوال کے علاقے میں 9 اپریل کو اسکول وین ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے وین کھائی میں جاگری تھی جس کے باعث 23 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔