خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں زہریلی سموگ کے باعث پرائمری سکول بند

بھارت میں زہریلی سموگ کے باعث پرائمری سکول بند
نئی دہلی: (ملت آن لائن) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی اور دھند سے بننے والے سموگ نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے جس کے پیش نظر مقامی حکومت نے تمام پرائمری سکول آئندہ اتوار تک بند کردیئے ہیں۔ بھارت کے خبررساں ادارے کے مطابق دلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا نے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کہا کہ صورتحال کافی سنگین ہے اور دہلی و این سی آر میں حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 دن تک حالات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں لہذا احتیاط کی سخت ضرورت ہے۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو باہر نہ کھیلنے دیں۔ نئی دہلی میں دھند چھائی ہوئی ہے اور لوگوں کو سانس لینے اور آنکھوں میں جلن کی شکایت ہے ۔دھند کی وجہ سے دلی ائیرپورٹ پر کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ شمالی ہندوستان میں دیل گاڑیوں کا شڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ برس ایسی صورتحال پر سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ حکومت ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے منصوبہ تیار کرے تاہم اب تک حالات جوں کے توں ہیں۔