بھارتی شہر آگرہ میں سڑک پر کام کرنے والے مزدروں نے سوئے ہوئے کتے کے اوپر تارکول ڈال کر روڈ بنا لیا جس سے کتا ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے تعمیراتی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاج محل کے قریب سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ جہاں ایک کتا سڑک کنارے سویا ہوا تھا۔ مزدوروں نے کتے کو ہٹانے کی زحمت کیے بغیر اس کے اوپر گرم تارکول ڈال کر سڑک تعمیر کر دی جس سے کتا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
حکام نے کتے کی ہلاکت کا الزام نجی کمپنی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی تعمیر اور استر کاری اس کی ذمہ داری تھی۔ جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوا دیا اور نجی کمپنی کی گاڑیاں بھی ضبط کر لیں۔
بعد ازاں حکام نے کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کو جائے وقوع پر طلب کر لیا اور مشینری کی مدد سے سڑک دوبارہ کھود کر کتے کی لاش نکالی گئی۔ پولیس نے تعمیراتی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔