خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں شدید گرمی کی لہر، ایک ماہ میں300 سے زائد افراد ہلاک

نئی دہلی: (اے پی پی) بھارت میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث ایک ماہ کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 300 سے زائد ہوگئی ہے۔ ریاست تلنگانہ، آندھرا پردیش اوراڑیسہ میں اپریل کے دوران گرمی سے ہلاکتوں کی تعداد 300 سے زائدہوگئی ہے جہاں درجہ حرارت مسلسل کئی روز تک44ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہا۔ شدیدگرمی سے اڑیسہ میں 110، تلنگانہ میں 137 اورآندھراپردیش میں 45 افرادہلاک ہوئے۔ مہاراشٹراورگجرات میں دریا، جھیل اورڈیم خشک ہوگئے ہیں، پانی کے بحران اورخشک سالی کے باعث فصلیں تباہ اور مال مویشی بھی مر رہے ہیں جب کہ 33 کروڑافراد کوضروریات زندگی کے لیے پانی میسرنہیں۔ حکام نے ریاست بہار میں صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھانا پکانے پرپابندی عائد کردی ہے تاکہ گرمی کے باعث حادثاتی طورپرآگ لگنے کے واقعات سے بچا جاسکے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث ریاستی حکام نے عوام کوہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں گھرسے غیرضروری طور پر باہر نکلنے سے گریزکریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔