خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوزکرگئی

کانپور: (ملت+اے پی پی) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرین کی ایک درجن سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی جب کہ 200 کے قریب افراد زخمی ہیں۔ پٹنہ اندور ایکسپریس کی 14 بوگیاں ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور سے 100 کلو میٹر دور پورکھیاں میں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 200 کے قریب افراد زخمی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رات 3 بجے کےقریب پیش آیا جب زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹویٹ میں حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ بھارتی وزیر ریلوے سریش پرابھو نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ حادثے کے متاثرین کی مالی مدد بھی کی جائے گی۔ بھارتی ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں ٹرین کی 2 کوچز میں ہوئیں۔