خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں 4 منزلہ ہوٹل ٹرک ٹکرانے سے منہدم، 10 افراد ہلاک

بھارت میں 4 منزلہ ہوٹل ٹرک ٹکرانے سے منہدم، 10 افراد ہلاک

نئی دہلی:(ملت آن لائن) بھارتی شہر اندور میں 4 منزلہ ہوٹل کی عمارت منہدم ہو جانے کے نتیجے میں کم از کم 10افراد ہلاک اور2 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ہفتے کی رات گئے پیش آیا، پولیس کے مطابق تمام فوری امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، اس ہوٹل کی عمارت کافی پرانی تھی تاہم فی الحال اس عمارت کے منہدم ہو جانے کی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس ہوٹل کی عمارت مبینہ طور پر اس وقت منہدم ہو گئی، جب ایک بڑی مال بردار گاڑی اس سے ٹکرائی تھی۔
…………………………
اس خبر کو بھی پڑھیے….شامی فورسز کا مشرقی غوطہ پر کنٹرول کا دعویٰ

دمشق / انقرہ:(ملت آن لائن) شامی فورسز نے باغیوں کو پسپا کرتے ہوئے مشرقی غوطہ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تمام باغی ایک معاہدے کے تحت مشرقی غوطہ کے آخری علاقے دوما سے نکل کر ادلب منتقل ہو گئے ہیں، باغیوں کی طرف سے ابھی تک معاہدے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، اس سے قبل باغیوں اور شامی حکومت کے درمیان سنگین طور پر زخمی افراد کو دوما سے لے جانے کا معاہدہ ہوا۔
اطلاعات کے مطابق یہ معاہدہ باغی گروپ جیش اسلام، مقامی رہنماؤں اور روس کے درمیان افہام و تفہیم کے بعد ہی ممکن ہو سکا ہے، زخمیوں کو شمالی شہر ادلب لے جایا جائے گا جو ابھی تک باغیوں کے قبضے میں ہے، ترکی، روس اور ایران کے رہنما 4 اپریل کو انقرہ میں مسئلہ شام کے حوالے سے مذاکرات کریں گے، ترکی نے فرانس کو تنبیہ کی ہے کہ وہ شام میں فوجی موجودگی بڑھانے سے خبردار رہے۔ انقرہ حکومت کے مطابق اگر فرانس نے شام میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھائی تو اسے مداخلت سمجھا جائے گا، ترک وزیر دفاع نور الدین جنیکلے کے مطابق اگر فرانس نے شمالی شام میں اپنے فوجیوں کو بھیجنے کا کوئی بھی فیصلہ کیا تو وہ غیر قانونی ہو گا اور ساتھ ہی بین الاقوامی قوانین کے منافی بھی ہو گا۔ دوسری جانب عراقی سرحد کے قریب البوکمال قصبے میں داعش کے شدت پسندوں نے حملہ کرکے حکومت کے حامی 19 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔