خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت نےایک شخص کو گرفتار کرکے پاکستانی جاسوس قراردیدیا

نئی دہلی: (اے پی پی) پاکستان میں بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کی گرفتاری پر بوکھلائے ہوئے بھارتی سکیورٹی حکام نے ایک شخص کو گرفتار کر کے اسے پاکستانی جاسوس قرار دیدیا ہے۔بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک پاکستانی جاسوس کو گرفتار کر لیا ہے ،حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی جاسوس کے 7سے8ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ پاکستانی جاسوس کو راجستھان میں کئے گئے انٹیلی جنس بیورو اور راجستھان انٹیلی جنس حکام کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران پکڑا گیا۔بھارتی میڈیا نے مزیدکہا کہ گرفتار ہونے والے شخص کا نام نندل مہاراج ہے جو کہ پاکستانی صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کا رہائشی ہے۔اس کی بیوی اور بچے اب بھی سانگھڑ میں مقیم ہیں جبکہ جسے بھارتی پاکستانی جاسوس قرار دے رہے ہیں اس نوجوان کی عمر 26سال بتائی گئی ہے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ نندل کی سانگھڑ میں ایک کپڑوں کی دکان بھی ہے لیکن اس نے پیسوں کی خاطر جاسوسی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ حکام نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ نندل نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ وہ بھارت کو نقصان پہنچانے کیلئے35کلو بارودی مواد بھی ساتھ لایا ہے۔نندال پر اسلحہ کی سمگلنگ کے بھی الزامات عائد کئے جا رہے ہیں بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ایسی ڈائری بھی ملی ہے جس میںمذکورہ شخص اورپاکستانی حکام کے درمیان ہونے والی رقوم کی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات بھی سامنے ہے۔ڈائری کی بنیاد پر یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی حکام نندال کو 70ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک بھجوا چکے ہیں۔ملزم سے متعدد موبائل سمز او ر دوموبائل فونز بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جو عموما پاکستان میں استعمال ہوتے ہیں۔