خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 39پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا

لاہور/نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 39پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا جنھیں واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 39پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا ہے ۔تمام قیدیوں کو رہائی کے بعد واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیاگیا رہائی پانے والوں میں 18ماہی گیر بھی شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو غلطی سے سرحد پار کرنے پر بھارتی فوج نے گرفتار کیا تھا جبکہ ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق جن قیدیوں کو رہا کیاگیا ہے ان میں 21ایسے قیدی شامل ہیں جو اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں جبکہ دیگر 18قیدی شامل ہیں۔پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی فوجی بابو لال چندو چوہان کو رہا کرنے کے بعد بھارت سے اپنے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ دو ماہ قبل پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر 217بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا تھا۔