خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کا جنگی جنون حد سے بڑھنے لگا، 1200 کروڑ ڈالر کے لڑاکا طیارے خریدے گا

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت کا جنگی جنون حد سے بڑھنے لگا،بھارت نے لڑاکا طیاروں کی خریداری پر 12 ارب ڈالر (1200 کروڑ ڈالر) خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت لڑاکا طیاروں کی خریداری پر 12 ارب ڈالر (1200 کروڑ ڈالر) خرچ کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔دفاعی خبریں اور تجزیئے فراہم کرنے والے بین الاقوامی ادارے جینز کے مطابق بھارت اپنی فضائیہ میں مزید 150 لڑاکا طیارے شامل کرنے کا اتنی شدت سے خواہش مند ہے کہ وہ ایک طیارے پر 65 ملین سے 80 ملین ڈالر تک خرچ کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس بارے میں بھارتی حکومت نے مختلف ممالک کی لڑاکا طیارے بنانے والی کمپنیوں کو خطوط لکھے ہیں جن میں واضح طور پر یہ کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں کی خریداری کا ایسا کوئی بھی معاہدہ صرف اسی صورت میں کیا جائے گا جب طیارے فروخت کرنے والی کمپنی اپنا پروڈکشن پلانٹ بھارت میں لگائے گی اور بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر وہ طیارے بھارت میں بنائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کسی معاہدے کی مالیت 12 ارب ڈالر یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔غیرملکی کمپنیوں سے بھارت میں لڑاکا طیاروں کے پلانٹ لگانے اور یہ ٹیکنالوجی بھارت کو منتقل کرنے کا تقاضا نریندر مودی کے ہندوستان میں تیار پروگرام کا حصہ بھی ہے جس کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو زبردست مالی فوائد کا لالچ دیا جارہا ہے۔البتہ دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہی فرمائشی پروگرام ایک بڑی رکاوٹ بھی ہے۔ اس کی ایک مثال گزشتہ ماہ فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ سے رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کا معاہدہ ہے۔ بھارتی حکومت 126 عدد رافیل لڑاکا طیارے خریدنا چاہتی تھی لیکن اس نے ڈسالٹ کے سامنے شرط رکھی کہ یہ لڑاکا طیارے بھارت میں بنائے جائیں گے جبکہ بھارت کو ان کی ٹیکنالوجی بھی منتقل کی جائے گی۔ طویل مذاکرات کے باوجود اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوپایا اور نتیجے میں بھارت نے محدود مقامی شراکت کی بنیاد پر ڈسالٹ سے 36 عدد رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔