خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا،ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ ایٹمی میزائل کا تجربہ

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوسکا ،ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ ایٹمی میزائل کا تجربہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملکی بحریہ نے بحری جہاز کو تباہ کرنے والے کلواری میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ تجربہ گزشتہ روز صبح بحیرہ عرب میں کیا گیا۔ ایٹمی میزائل اونچائی تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق مشن کے تمام اہداف اور مقاصد سے حاصل کرلیے گئے ہیں اب پاکستان کے ایٹمی میزائل ہمیں نشانہ نہیں بنا سکتے۔ بدھ کو بھی بھارت نے دشمن کی جانب سے فائر کیے جانے والے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے والے سپر سونک ‘انٹرسیپٹرمیزائل’ کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ تجربہ دو صفوں پر مشتمل بیلسٹک میزائل ڈیفنس (بی ایم ڈی) سسٹم کا حصہ ہے جس کا مقصد خلیج بنگال کے اوپر سے آنے والے کسی بھی بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنا ہے۔ڈیفنس ریسرچ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے بی ایم ڈی سٹم کے سلسلے میں 11 فروری کو زیادہ اونچائی پر بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے انٹرسیپٹر میزائل کا تجربہ کیا تھا۔یہ میزائل 97 کلو میٹر تک کی اونچائی پر بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ بدھ کو جس میزائل کو تجربہ کیا گیا وہ زمین کے قریب 15 کلو میٹر تک کی اونچائی میں بیلسٹک میزائل کو تباہ کرسکتا ہے۔اس وقت صرف امریکا، روس، اسرائیل اور چین ایسے ممالک ہیں جن کے پاس فعال بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم موجود ہے۔ اس سے قبل بھارت نے اگنی پانچ سپر سانک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔