خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کا پاکستان پر 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

نئی دہلی/بھوپال (ملت + آئی این پی) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں انسداد دہشتگردی ا سکواڈ( اے ٹی ایس ) نے مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کیلئے جاسوسی کے الزا م میں 11مشتبہ افراد کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیاکے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں انسداد دہشتگردی سکواڈ ( اے ٹی ایس ) نے مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں 11مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے 11افراد میں سے 5کا تعلق گوالیار اور 3کا بھوپال سے ہے جبکہ 2جبالپور اور ایک ساتنا کا رہنے والا ہے ان تمام افراد کو چار وز قبل گرفتارکیا گیا جن سے اے ٹی ایس ،این آئی اے اور دیگر ایجنسیاں تحقیقات کررہی ہے ۔اے ٹی ایس کے سربراہ سنجیو شامی کا کہنا ہے کہ گوالیار سے گرفتار ایک شخص بی جے پی کے میونسپل کارپوریشن کے منتخب ممبر کا رشتہ دار ہے ۔گرفتار افراد پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کو بھارت کی فوجی اور فضائیہ کی معلومات فراہم کرنے کا الزا م ہے ۔سی این این نیوز 18کے مطابق ریاستی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے مشتبہ افراد ایک ٹیلی فون ایکسچینج چلا رہے تھے اور انکے قبضے سے موبائل فون ،سم کارڈ ،ڈیٹاکارڈ اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے ہیں۔