خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کا5 ہزارفوجی افغانستان میں تعینات کرنےکا فیصلہ

نئی دہلی:(اے پی پی)بھارت نے سیکیورٹی کی آڑ میں پانچ ہزارفوجی افغانستان میں تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، بھارت نے اپنے فوجیوں کی تعیناتی پرافغان حکومت کو بھی رام کرلیا، پاکستان نے بھارت کے مذموم عزائم پر امریکہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔افغانستان میں بھارت اپنے پنجے گاڑنے پر بضد ہے،یہی وجہ ہے کہ بھارت نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر پانچ ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ذرائع کے مطابق اس حوالے سے افغانستان اور بھارتی حکومت کے درمیان اتفاق رائے ہے۔بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے حالیہ امریکی دورے کے دوران امریکی حکام کو توجیح پیش کی کہ افغانستان میں بھارتی ترقیاتی منصوبوں کو دہشتگردانہ کارروائیوں سے خطرہ ہے، جسکے باعث ان فوجیوں کی ضرورت ہے،پاکستان نے بھارتی افواج کی افغانستان میں تعیناتی پر امریکہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ ان تحفظات کے باعث بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ تعطل کا شکار ہے، اس وقت پانچ سو سے زائد بھارتی سکیورٹی اہلکار افغانستان میں تعینات ہیں یہاں مزید بھارتی افواج کی تعیناتی سے خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔