خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کواصل خطرہ پاکستان سےنہیں چین سےہے، ملائم سنگھ یادو

نئی دہلی:(اے پی پی) سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو نے کہا ہے کہ بھارت کو حقیقی خطرہ پاکستان سے نہیں بلکہ چین سے ہے۔ لوک سبھا میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو کا کہنا تھا کہ اتر کھنڈ میں چین کی مداخلت کا معاملہ کافی سنگین ہے، چین سے ہوشیار رہنا چاہیئے۔ انھوں نے کہا چین کی یہ پالیسی رہی ہے کہ جب وہ کمزور ہوتا ہے تو خاموش بیٹھ جاتا ہے اور جب اس کی طاقت بڑھنے لگتی ہے تو وہ حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے اس لئے بھارت کو اصل خطرہ پاکستان سے نہیں چین سے ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رہنما نریش اگروال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعطم نواز شریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے لئے لڑنے والوں کے حق بیان دینے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں لہذا بھارت کو پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ بحال نہیں کرنے چاہیئیں کیونکہ ان سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔