خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کی جنوبی ریاستوں میں گرمی سے111 افراد ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کی جنوبی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں شدید گرمی کے نتیجے میں 111افراد ہلاک ہو گئے،ان ریاستوں میں اپریل کے مہینے میں معمول کی بارشوں میں تاخیر کی وجہ سے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ریاستیں گرمی کی لہر سے متاثرہ نہیں اس وقت درجہ حرارت میں ہونے والا اضافہ غیر معمولی نہیں ہے۔بھارتی میڈیاکے مطابق آفات سے نمٹنے کے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد111 ہو گئی ہے۔ تیلنگانہ میں ہیٹ سٹروک سے 66 اور آندھرا پردیش میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ دھوپ میں جانے سے گریز کریں اور دوپہر 12 بجے سے چار بجے سے گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید پانچ ڈگری اضافہ ہونے کے بعد ہی دونوں ریاستوں میں گرمی کی شدید لہر کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔تیلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل نرسیما راؤ نے بتایا کہ اس وقت درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان نہیں ہے۔ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری کے درمیان ہے اور اپریل میں موسم کے حوالے سے تبدیلی صرف یہ ہے کہ معمولی کی بارشیں نہیں ہو سکی ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ برس ان دونوں ریاستوں میں شدید گرمی کی وجہ سے دو ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔