خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کی خطے میں بطور لیڈر حمایت کرتے ہیں، ریکس ٹلرسن

بھارت کی خطے میں بطور لیڈر حمایت کرتے ہیں، ریکس ٹلرسن

نئی دلی(ملت آن لائن)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا ہے کہ بھارت امریکا کا قدرتی دوست ہے اور اس کی خطے میں بطور لیڈر حمایت کرتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ دورہ بھارت پر نئی دلی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان دفاعی تعاون، خطے کی سلامتی اور تعاون سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت امریکا کا قدرتی دوست ہے جس کی خطے میں اہمیت ہے اور امریکا بھارت کی خطے میں بطور لیڈر حمایت کرتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ بھارتی فوج کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔

ریکس ٹلرسن نے کہا کہ وہ بھارت کے ساتھ لڑاکا طیارے ایف 16 اور ایف 18 پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکا نے اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کو اپنے ملک میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ دورہ بھارت کے دوران آج وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔