خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی پالیسی ناکام ہوچکی

نیویارک (ملت آن لائن + آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے،پاکستان کو تنہا کرنے والا خود دنیا میں تنہا ہوجائے گا،پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،بھارت نے مذاکراتی عمل معطل کرکے دوطرفہ تعلقات کو معمول پر آنے سے روک دیا ہے،افغانستان میں جنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔جمعہ کونیویارک میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک کا وژن علاقائی روابط کے ذریعے خطے میں خوشحالی لائے گا،منصوبے سے خطہ مستحکم اور سیکیورٹی مضبوط ہوگی،منصوبے میں شامل ہونے والے تمام ملک اورر عوام اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،بھارت نے مذاکراتی عمل معطل کرکے دوطرفہ تعلقات کو معمول پر آنے سے روک دیا ہے،وزیراعظم نوازشریف بھارت سے بہتر تعلقات کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان نے بھارت سے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے، بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے،پاکستان کو تنہا کرنے والا خود دنیا میں تنہا ہوجائے گا۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغانستان میں جنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،افغانستان میں امن کا واحد راستہ امن مذاکرات ہیں۔