خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کے قومی عجائب گھر میں آتشزدگی، نادرسامان جل کرخاکستر

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں آگ لگنے کے باعث نادر اشیا جل کا خاکستر ہوگئیں، جبکہ آگ بجھاتے ہوئے 6 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے نیچرل ہسٹری میوزیم کی چھٹی منزل پر آگ رات پونے دو بجے لگی، جبکہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ تمام منزلوں تک پھیل گئی۔ بھارتی عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ قریب کی مزید عمارتیں بھی جل گئیں۔ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی چالیس گاڑیوں نے دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم ایک مرتبہ پھر آگ میوزیم کی چھٹی منزل پر بھڑک اٹھی۔ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آگ بجھاتے ہوئے چھ فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکام کے مطابق میوزیم میں رکھے آگ بجھانے کے آلات ناکارہ ہوگئے تھے۔ جس کے باعث آگ کنٹرول سے باہر ہوئی۔