خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت کے ھسپتال میں آکسیجن سپلائی منقطع ہونے سے 60 بچے ہلاک

گورکھ پور(ملت آن لائن)بھارتی ریاست اترپردیش کے سرکاری اسپتال میں 60 بچے ہلاک ہوگئے۔ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر گورکھ پور کے سرکاری اسپتال میں آکسیجن کی سپلائی منقطع ہونے اور انفیکشن پھیلنے سے 5 روز میں 60 سے زائد بچے ہلاک ہوگئے جن میں نوزائیدہ بچے بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کرانے کا اعلان کردیا۔ اسپتال انتظامیہ اور ضلعی حکومت نے کہا ہے کہ بچے آکسیجن کی قلت سے نہیں بلکہ انفیکشن سے ہلاک ہوئے۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کئی روز بعد اسپتال کا دورہ کرکے صورت حال کا معائنہ کیا ہے۔ افسوس ناک طور پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دورے والے روز بھی 9 بچے ہلاک ہوگئے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نااہلی اور غفلت پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ دار افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

یاد رہے کہ انتہا پسند ہندو وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رواں سال ہی عہدہ سنبھالا ہے۔ وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کو فروغ دینے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ مودی کی انتہا پسند حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد سے اپنے ملک کی ترقی کی بجائے بھارتی مسلمانوں کو دیوار سے لگانے پر ساری توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔