خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت: 10 چینی شہریوں کوملک چھوڑنے کا نوٹس

بھونیشور(آئی این پی)بھارت میں مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ کی حکومت نے اڈانی گروپ کی ایک کمپنی میں کام کرنے والے 10 چینی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کا نوٹس جاری کردیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ریاستی حکومت نے چینی شہریوں کو 17 جون تک بھارت چھوڑنے کا حکم جاری کیا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے دو چینی شہری لاپتہ ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں ہے۔جبکہ مقامی اڑیسہ ٹی وی کے مطابق جنھیں ملک چھوڑنے کا نوٹس دیا گیا تھا انھیں پیر کی رات انڈیا کے مشرقی شہر کولکتہ میں چین کے قونصل خانے پہنچا دیا گیا ہے۔اڑیسہ کے داخلہ سیکریٹری نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایات پر یہ نوٹس جاری کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ ریاست کے شہر بھدر میں موجود کمپنی سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پروھیلر جزیرہ یا اے پی جے عبدالکلام جزیرہ ہے جہاں انڈیا کی حساس سکیورٹی تنصیبات ہیں۔اسی جزیرے سے آکاش، اگنی، دھنش اور پرتھوی نامی جیسے میزائلوں کے تجربے کیے جاتے ہیں۔حکومت کے مطابق مجموعی طور پر 19 چینی شہری اڈانی گروپ کی دھرما پورٹ کمپنی کے توسیعی منصوبے میں کام کرنے کے لیے بھارت آئے تھے۔ یہ تمام چینی باشندے یہاں کاروباری ویزے پر تھے جبکہ انھیں ورکنگ ویزے پر ہونا چاہیے تھا اور بظاہر اسی کے سبب انھیں نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔وزارتِ داخلہ کے سیکریٹری است ترپاٹھی نے صحافیوں کو بتایا کہ چین کے شہریوں کو بھارت چھوڑنے کا نوٹس بھدر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کی معرفت بھیجا گیا ہے تاکہ مقررہ وقت میں اس پر تعمیل کرائی جا سکے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نہار رنجن داس کا کہنا ہے کہ دو لاپتہ چینی شہریوں کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جس کمپنی میں یہ چینی شہری کام کر رہے ہیں، وہ تھائی لینڈ کی کمپنی ہے اور وہ بھارت میں اڈانی گروپ کے لیے کام کر رہی ہے۔جن چینی شہریوں کو نوٹس دیا گیا ہے، وہ بھدر کی دھرما پورٹ کمپنی کے توسیعی منصوبے کے لیے مٹی کی جانچ کے کام میں تھے اور کمپنی کی رہائش کے باہر کرایے کے مکان میں رہتے تھے۔