بھارت: 13 گھنٹوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 30 ہزار سے زائد واقعات
لاہور:(ملت آن لائن) بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں رواں ہفتے منگل کو 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 749 سے زائد آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ہوئے، جن کے نتیجے میں ایک 9 سالہ بچی سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاستی حکام نے واقعات کو غیر معمولی اور موسمی تبدیلی قرار دیا۔ بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بہت عام ہیں۔ تاہم رواں ہفتے منگل کو ہونے والے واقعات غیر معمولی ہیں، جب 13 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار سے زائد مرتبہ آسمانی بجلی گری، جبکہ گذشتہ برس پورے مئی کے مہینے میں آسمانی بجلی گرنے کے 30 ہزار واقعات سامنے آئے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ میں اضافے کے باعث بھی آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں 2005 سے ہر سال آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 2 ہزار شہری ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اس ضمن میں قابل اعتماد وارننگ سسٹم کی عدم موجودگی کو بھی آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کی ایک وجہ قرار دیا جاتا ہے، جبکہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ بھارت میں کثیر تعداد میں لوگ کھلے مقامات (آؤٹ ڈور) پر کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بجلی گرنے سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔