خبرنامہ انٹرنیشنل

بیرونی حملہ کی صورت میں اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں:ایرانی وزیر خارجہ

ویلنگٹن۔ (اے پی پی) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ کوئی اْن کے ملک پر حملہ کرے گا توایران اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور اْسے جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم جان کی کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی امور پر بات چیت کی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ انسٹیٹیوٹ برائے بین الاقوامی امور میں خطاب کے بعد شرکاء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور اگر کوئی اتنا پاگل ہوا کو وہ ایران پر حملہ کرے تو اْس کو روایتی ہتھیاروں کے ساتھ مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ظریف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران کو روایتی ہتھیار استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ اْن کے ملک کا یقین ہے کہ جنگ میں سراسر نقصان ہوتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ سے جب پوچھا گیا کہ میزائلوں پر اسرائیل مخالف عبارت درج تھی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک سے باہر ہیں اور جب وہ واپس پہنچیں گے تو اِن رپورٹوں بارے معلومات حاصل کر کے کچھ کہہ سکیں گے۔نیوزی لینڈ انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل افیئرز میں محمد جواد ظریف نے کہا کہ شرکاء نیتن یاہو سے پوچھیں کہ وہ ایران کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی کیوں دیتے ہیں اور اسی طرح امریکی صدر اوباما بھی آئے روز اْن کے ملک کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کی بات کرتے ہیں۔ ظریف نے یہ بھی واضح کیا کہ اْن کا ملک آسٹریلیا سے ایرانی مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کے لیے تیار نہیں ۔ اِس حوالے سے ایران نے آسٹریلیا کی اْن امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے جن کے تحت وہ ایران حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ طے کر کے ہزاروں ایرانیوں کو واپس بھیجنا چاہتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی مجرم کو ایران قبول نہیں کرے گا۔