خبرنامہ انٹرنیشنل

بیرونی مداخلت خطےکی بدامنی کی اصل وجہ ہے، ایرانی وزیرداخلہ

مشہد : (اے پی پی) ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے بیرونی مداخلت کو خطے کی بدامنی کی اصل وجہ قرار دیا ہے۔بدھ کو مشہد میں ایران و افغانستان کے سرحدی صوبوں کے گورنروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعاون کے ذریعے سیکورٹی چیلنجوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا کہ ، عالم اسلام خاص طور سے مشرق وسطی کو اس وقت جس صورتحال کا سامنا ہے وہ بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے بعض دشمن ملکوں کی جانب سے خطے پربالادستی قائم کرنے کی کوششوں کے تحت جاری فوجی مداخلت اور علاقے کے قدرتی زخائر اور گنجائشوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے نتیجے میں عالم اسلام کو اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔