خبرنامہ انٹرنیشنل

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی معیشت کی بحالی کا اہم حصہ ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ( آئی این پی )اقوام متحدہ کے معاشی اور سماجی امور کو محکمہ کے پالیسی ڈائریکٹر ہانگ پنگ فانگ نے کہا ہے کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی معیشت کی بحالی کی کوششوں کا اہم حصہ ہیں ، اس منصوبے میں کئی ایسے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں جو بین الاقوامی تعاون کے ساتھ عالمی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں ، منصوبے کی اصل روح یہ ہے کہ تمام ممالک اور عالمی تنظیموں کو اس میں شامل کیا جائے ، منصوبے میں تعاون کیلئے پانچ امور کو ترجیح دی گئی ہے ، ان میں پالیسی میں تعاون ، مربوط کرنے میں سہولیات ، تجارت کے فروغ ، مالی وسائل میں معاون اور مختلف ممالک کے عوام کے درمیان تعاون کا فروغ شامل ہے۔ ہانگ پنگ فان نے یہ بات شنہوا سے اپنے ایک انٹرویو میں کہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ امن ، تعاون ، کھلے پن ،دوطرفہ مفادات کا علمبردار ہے ، اس سے زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور اس سے ایک ایسی برادری تشکیل پا سکتی ہے جو ایک ہی قسمت کی لڑی میں منسلک ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے صدر نے یہ منصوبہ 2013ء میں پیش کیا تھا جس کا مقصد شاہرائے ریشم اکنامک بیلٹ اور اکیسویں صدی کی بحری شاہرائے ریشم کی تعمیر شامل تھی ،منصوبے کا مقصد ایشیاء ، یورپ اور افریقہ کو تجارتی طورپر منسلک کرنا تھا ، بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کے ساتھ ساٹھ ممالک واقع ہیں جو دنیا کی کل آبادی کا بھی ساٹھ فیصد، عالمی قومی پیداوار کا تیس فیصد، عالمی تجارت کا چالیس فیصد ہیں جبکہ ان ممالک کی پچاس فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے ۔یہ بات ہمارے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ان ملکوں میں ترقی کیلئے بڑ ے وسائل موجود ہیں ۔