خبرنامہ انٹرنیشنل

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پائیدار ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے

اقوام متحدہ (ملت آن لائن + آئی این پی) چین کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عملدرآمد میں کردار ادا کر سکتا ہے جس کا مقصد غربت کا خاتمہ اور خوشحالی کا فروغ ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چین نے 2013ء میں تجویز کیا تھا جس کا مقصد تجارت اور بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورک کے ذریعے ایشیاء کو یورپ اور افریقہ کے ساتھ قدیم شاہراہ ریشم کے تجارتی روٹ کے ذریعے سے ملانا ہے تا کہ ان ممالک کے درمیان ترقی کا عمل تیز ہو سکے ، یہ منصوبہ تجارت ،اقتصادی پیداوار ، روز گار ، آمدنی میں اضافے،بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور استعداد میں اضافے کیلئے ترقی کے عمل میں عظیم مواقع فراہم کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے معاشی اور سماجی امور وو ہانگ بو نے کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عمل کرنے میں سہولتیں فراہم کرتا ہے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے لیو جی یی نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اور اقوام متحدہ کا 2030ء کا ایجنڈا بین الاقوامی شراکت داری اور ترقی کے عمل کو مضبوط بناتا ہے، یہ منصوبہ اگرچہ چین نے تجویز کیا ہے لیکن اب یہ سب ممالک کا منصوبہ ہے جو اس میں شرکت کررہے ہیں ، چین اس منصوبے کے ذریعے تمام ممالک کو مساوی ترقی اور خوشحالی کے مواقع فراہم کررہا ہے ۔