خبرنامہ انٹرنیشنل

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا

کٹھمنڈو (ملت + آئی این پی )چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کے منصوبے سے جنوبی ایشیائی ممالک کوترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوں گے ، اس سے چین اور جنوبی ایشیاء کے درمیان رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا ، شاہراہ ریشم اقتصادی بیلٹ، اکیسویں صدی کی بحری شاہرا ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مقصد ایشیاء کو یورپ ، افریقہ اور شاہراہ ریشم کے قدیم تجارتی روٹ پر واقع ممالک کے ساتھ منسلک کرنا ہے ،اس منصوبے کا مقصد بنیادی ڈھانچے ، رابطوں ، تجارت ، ٹرانسپورٹ پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور نیپال اس نظریے کی مکمل طورپر حمایت کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار نیپال کے وزیر صنعت نابندرا راج جوشی نے یہاں ایک سیمینار میں کیا جو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے مقاصد اجاگر کرنے کے لئے چین کے ساتھ’’ جنوبی ایشیاء کی علاقائی دوستی اور تعاون تنظیم ‘‘نے کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ دو بڑی معیشتوں کے درمیان واقع نیپال بڑی جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے اور ہمالہ کے ممالک کو اس حقیقت کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ چینی سفارتخانے کے اقتصادی اور تجارتی کونسلر پینگ ووئی نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کا منصوبہ خطے کے ممالک اور قدیم تجارتی روٹ کے ساتھ واقع ممالک نے امن ، استحکام اور اقتصادی ترقی کے فروغ کا منصوبہ ہے۔سیمینار میں نیپال ، بنگلہ دیش ، بھارت اور سری لنکا کے نوجوانوں سرمایہ داروں نے شرکت کی ، تنظیم کے صدر انوپ رانجن نے کہا کہ اس سیمینا ر کا اہتمام چین اور جنوبی ایشیا ء کے نوجوان سرمایہ داروں نے کیا تھا تا کہ جنوبی ایشیاء میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے چینی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کے طریقوں پر غور کیا جائے ۔