خبرنامہ انٹرنیشنل

بی جے پی ملک کی جمہوریت اور آئین پر حملہ کر رہی ہے، اپوزیشن اتحاد کا مقصد اس کو شکست دینا ہے ، راہول گاندھی

نئی دہلی ۔(ملت آن لائن)بھارتی سیاسی جماعت کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کا مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دے کر اسے اقتدار سے باہر کرنا ہے اور اس کے بعد دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا۔راہول گاندھی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا مقصد بی جے پی کو ہرانا ہے اور ملک کی جمہوریت اورجمہوری اداروں کا تحفظ کرنا ہے۔ نائیڈو سے بات چیت کے سلسلے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ نائیڈو سے ہوئی بات چیت کا اہم موضوع یہی تھا کہ مل کر بی جے پی کو شکست دینے کا کام کریں گے۔ بی جے پی ملک کے اداروں کو برباد کر رہی ہے۔ ملک کی جمہوریت اور آئین پر حملہ کر رہی ہے۔ اسے روکنے کے لئے ہم مل کر ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔