نئی دہلی۔(ملت آن لائن) بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں قائم کرائم برانچ نے بی جے پی کے سابق وزیر اور تاجر جی. جناردن ریڈی کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلور کرائم برانچ نے بی جے پی کے سابق وزیر 600کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار کرلیا ہے۔ ان پر بدعنوانی کے کئی الزامات ہیں وہ گزشتہ 3 دنوں سے لاپتہ تھے۔ اس سے قبل وہ 3 سال جیل میں بھی گزار چکے ہیں اور 2015 میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ ریڈی پر الزام ہے کہ انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کے مطابق انہوں نے ایمبیڈنٹ مارکیٹنگ اور اس کے مالک احمد فرید کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحقیقات سے بچانے کے لئے 18 کروڑ روپے کا سودا کیا تھا۔ انہوں نے پولیس کے سامنے پیش ہونے سے قبل ویڈیو بیان جاری کرکے کہا تھا کہ وہ کہیں فرار نہیں ہوئے اورانہوں نے کرائم برانچ کے سامنے پیش ہوں گے۔