خبرنامہ انٹرنیشنل

تائیوان میں زلزلے سے 4 افراد ہلاک اور 225 زخمی

تائیوان میں زلزلے سے 4 افراد ہلاک اور 225 زخمی

تائی پے:(ملت آن لائن) تائیوان میں 6.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 225 زخمی ہوگئے جبکہ 145 سے زائد لاپتہ ہیں۔ تائیوان کے شہر ووالین میں زلزلے کے باعث 4 افراد ہلاک اور 225 زخمی ہوگئے جبکہ 145 سے زائد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ زیادہ تر لاپتہ افراد منہدم عمارتوں اور مکانوں کے ملبے کے نیچے دبے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زلزلے سے 4 عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں جبکہ متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 50 منٹ پر آیا۔ امدادی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ایک ہوٹل کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 17 سے زائد لوگ اس کے ملبے تلے پھنس گئے ہیں۔ واضح رہے کہ تائیوان میں دو سال قبل بھی شدید زلزلہ آیا تھا جس میں 117 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔