تائیوان:(اے پی پی) تائیوان میں چھ اعشاریہ چار شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی ، سترہ منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہو گئی ۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور 154 زخمی ہوگئے ۔ ملبے تلے دبے متعدد افراد کی تلاش جاری ہے ۔ تائیوان کےشہر تائینان میں چھ اعشاریہ چار شدت کے شدید زلزلےسے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیربن گئیں ۔ بانوے گھروں پر مشتمل سترہ منزلہ عمارت گرنے سے دو سو چھپن افراد دب گئے ۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے شدید زلزلہ آیا جب زیادہ لوگ سوئے ہوئے تھے ۔ ریسکیو اداروں کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ زلزلے سے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی ۔ زلزلے کے جھٹکے 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع دارالحکومت تائی پی میں بھی محسوس کیے گئے اور اس وقت سے اب تک کئی آفٹرشاکس بھی آچکے ہیں ۔ تائیوان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور وہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں ۔ 1999 میں7.6 کی شدت کے زلزلے سے یہاں 2300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔