خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک، بمباری شام کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے

دمشق:(آئی این پی ) ترکی کی جانب سے شامی کردوں پر بمباری کو شام نے ملکی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کر دیا ، ادھر ترکی کا کہنا ہے کہ شامی سرحدوں کے ساتھ کرد باغیوں پر بمباری جاری رہے گی ۔ ترکی کی جانب سے شامی کردوں کو نشانہ بنائے جانے پر دمشق اور استنبول آمنے سامنے آگئے ، شام کی حدود کے اندر کرد جنگجؤوں پر بمباری کو دمشق نے ملکی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دے دیا ۔ شامی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کو خط لکھا گیا ہے جس میں اقوام متحدہ سے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ترکی کو اس اقدام سے باز رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری طرف ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا ہے کہ شام کے سرحدی علاقے میں شامی کرد باغیوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ترکی کے مطابق شام میں سرگرم کرد گروپ ’پی وائے ڈی‘ کا تعلق ترکی میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے ہے جو کئی دہائیوں سے ترکی کے اندر خانہ جنگی میں ملوث رہی ہے ۔امریکہ ، فرانس سمیت کئی ممالک نے شامی کرد جنگجوؤں کے خلاف کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔