خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی؛ کلب میں فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

استنبول: (ملت+اے پی پی) نائٹ کلب میں سال نوکا جشن منانے والوں پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو اس کے دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترک پولیس نے نئے سال کی تقریبات کے موقع پراستنبول کے نائٹ کلب میں حملہ کرکے متعدد افراد کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والے حملہ آور عبد القادر کو گرفتارکرلیا گیا ۔ حملہ آور کو استنبول کے علاقے ایسن یورت سے پکڑا گیا ہے جہاں وہ اپنے ایک دوست کے گھرمیں اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ہمراہ رہ رہا تھا۔ حملہ آور کی گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپوں میں دیگر افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ تفتیش سے قبل حملہ آور کا طبی معائنہ بھی کرایا جائے گا۔ داعش سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے نائٹ کلب پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ نائٹ کلب پرحملہ کرنے والا داعش کا سپاہی تھا جب کہ اس سے قبل بھی ترک میڈیا پر ایک تصویر گردش کر رہی تھی جس میں ایک شخص نے خون آلود قمیص پہن رکھی تھی اور اس کے منہ پر زخموں کے نشان ہیں۔ نائٹ کلب میں حملے کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 16 غیر ملکی بھی شامل تھے۔