انقرہ:(آن لائن)ترکی سے یونان جانے والے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے پچیس افراد ہلاک ہوگئے ،سیاحتی مقام ڈبیم کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی اس کشتی پر سوار دیگر پندرہ افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ پناہ گزینوں اور تارکین وطن کی بہبود کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ یونان پہنچنے کی کوشش میں کم از کم دو سو اکیس تارکین وطن سمندر میں ڈوب کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔ دوسری جانب نیٹو نے اپنا مشن ایجیئن میں بڑھانے کا کہا ہے تاکہ ترکی اور یونان کے درمیان انسانی اسمگلروں سے نمٹا جاسکے۔سیکریٹری جنرل جینز اسٹالٹین برگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘نیٹو کی تعیناتی کا مقصد تارکین وطن کی کشتیوں کو روکنا نہیں بلکہ انسانی اسمگلروں سے نمٹنے کے لیے ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کا کہنا ہے کہ بحیرہ ایجین میں کشتی ڈوبنے کے اس حادثے کے بعد مسافروں کی تلاش اور ان کے بچاوٴ کی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک پندرہ افراد کو زندہ بچایا جا چکا ہے۔