خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی: حکومت کا تختہ الٹنےکی کوشش ناکام، 60 افراد جاں بحق

انقرہ: (آئی این پی) ترکی میں حکومت کے خلاف فوج کی بغاوت ناکام ، انقرہ اور استنبول میں فائرنگ کے واقعات میں 60 افراد جاں بحق ہوئے، حکومتی فورسز نے ایئر پورٹس اور سرکاری عمارتوں سے باغیوں کو نکال دیا ، 754 فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ منتخب صدر طیب اردوان کی اپیل پر ترک عوام سڑکوں پر نکل آئے اور نہتے لوگوں نے باغی فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا اور جمہوریت فتحیاب ہو گئی ۔ اچانک انقرہ اور استنبول کی فضا فوجی طیاروں کی گھڑ گھڑاہٹ سے لرز اٹھی ، لوگوں نے آسمان کی طرف دیکھا تو ان پر شیلنگ ہو گئی جس کے نتیجے میں بے شمار شہری خون میں نہا گئے ۔ یہ فوجی بغاوت تھی جس کے خلاف صدر طیب اردوان کی اپیل پر ترک عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ انقرہ کے سٹی سکوائر میں لوگوں پرٹینکوں سے فائرنگ کی گئی ، عوام نے ایک ٹینک پر قبضہ بھی کر لیا اور پھر فوجی بیرکوں اور اہم مقامات پر حکومت کی حامی اور مخالف فورسزمیں خانہ جنگی ہو گئی ۔ ایک فضائی حملے میں 17 پولیس اہلکار ہلاک ہو ئے ان کا تعلق گولباسی سپیشل آپریشن ڈیپارٹمنٹ سے تھا ۔ باغیوں کا ایک ہیلی کاپٹر ترک فوج کے ایف 16 طیارے نے مار گرایا ۔ انقرہ میں باغی ٹولے نے مظاہرین پر گن شپ ہیلی کاپٹرسے فائرنگ کی ۔ ترک میڈیا کے مطابق اتاترک ایئر پورٹ میں داخل ہونے والے باغیوں کو عوام نے باہر نکال دیا ۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہونے والے باغیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔