خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی دنیا کی بڑی اقتصادی طاقت بن چکا ہے، وزیراعظم

ترکی دنیا کی بڑی اقتصادی طاقت بن چکا ہے، وزیراعظم
استنبول(ملت آن لاائن) ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ہمارا ملک دنیا کی 13 ویں بڑی اقتصادی طاقت اور بڑے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے والے ملک کا نام ہے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے نائب چئیر مین اور وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترکی کوئی معمولی ملک نہیں ہے بلکہ دنیا کی 13 ویں بڑی اقتصادی طاقت بن چکا ہے، ترکی ‘ دنیا کے بڑے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے والے ملک کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے اندر ہی نہیں باہر بھی دہشت گرد تنظیموں اور ہمارے ملک کے خلاف منصوبے بنانے والوں کے خلاف بھر پور جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ترکی کے دنیا کے مقابل بہرا بننے یا بنائے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ قدیم مباحث اور بے فائدہ کاموں میں اپنا وقت ضائع نہیں کریں گے بلکہ اتحاد و اخوت کے ساتھ یک جان ہو کر پْر یقین قدموں کے ساتھ آگے بڑھنا جاری رکھیں گے اور انشاء اللہ اپنے تمام خوابوں کو حقیقت کا رنگ دیں گے۔انہوں نے مزیدکہا امریکا کے یک طرفہ طور پر القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے علاقے میں ترکی کی اہمیت ایک دفعہ پھر اجاگر ہو گئی ہے۔یلدرم نے کہا کہ وہ نے امریکا کی جانب سے کئے گئے القدس فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہیں ، مشرقی القدس اسرائیل کا نہیں فلسطین کا دارالحکومت ہے اور انشاء اللہ اس پہلو کو اقوام متحدہ کے حوالے سے بین الاقوامی اجلاسوں میں ایجنڈے پر لاتے رہیں گے۔