خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی سے غیر قانونی طور پر یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں ایک مرتبہ پھراضافہ

ایتھنز:(اے پی پی) ترکی سے غیر قانونی طور پر یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ جاری ہے ۔یورپی میڈیا کے مطابق ایتھنز کے حکام ایسے مہاجرین کو پناہ دینے پر غور کر رہے ہیں جن کے پاس سرمایہ کاری کے لیے پیسے ہیں۔ترکی اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود بحیرہ ایجیئن عبور کر کے یونانی جزیروں پر پہنچنے والے تارکین وطن اور مہاجرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب معروف جرمن جریدے دراشپیگل نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ یونانی حکام ایسے تارکین وطن کو اپنے ہاں مستقل رہائش دینے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جن کے پاس ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے وافر رقم موجود ہے۔اشپیگل کے مطابق معاشی امور کے ماہر اور یونانی نائب وزیر خارجہ دیمیتریس مارداس کی رائے میں اس وقت یونان میں50 ہزار سے زائد ایسے پناہ گزین موجود ہیں جن کے پاس یونان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے کافی پیسے ہیں۔