خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی میں بم دھماکے سے 7 پولیس اہلکار ہلاک، 10 افراد زخمی

انقرہ:(اے پی پی ) ترکی کے شہر دیار بکر میں بم دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیارِ بکر میں واقع بس ٹرمینل پر دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق واقعے میں پولیس کی بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد پولیس اہلکار ہیں جب کہ واقعے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا ایسے وقت میں ہوا جب ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو شہر کے مختصر دورے پر آنے والے تھے۔ دوسری جانب ترکی کے صدررجب طیب اردوان جو ان دنوں نیوکلیئر سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں انہوں نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا دہشت گردوں کے بدنما چہرے کو ظاہر کرتا ہے جو یقیناً اپنے انجام کو پہنچیں گے اورہم انشااللہ انہیں ختم کرکے ہی دم لیں گے۔