خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی میں ٹرین کو حادثہ، 24 افراد جاں بحق،درجنوں زخمی

ترکی کے شمال مغرب میں ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ حادثے میں 24 مسافر جاں بحق، جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے ریلوے ٹریک متاثر ہوا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 360 مسافر سوار تھے، جو ایڈریئن ریجن سے گریس اور بلغاریہ بارڈر کی جانب واقع علاقے کیلئے رواں دواں تھے۔

نائب وزیراعظم رجب ایکدغ کی جانب سے جاں بحق مسافروں کی تصدیق کی گئی ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹرین سے زخمیوں کو نکالنے اورہسپتال منتقل کرنے کیلئے امدادی آپریشن جاری ہے۔

وزیر صحت کے مطابق338 افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم 124 تاحال ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ حادثے پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان کی جانب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کی گئیں، جس پر ترکی کے محکمہ آڈیو ویژوئل نے نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تصاویر دکھانے پر پابندی بھی عائد کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سال جنوری 2008 میں ہونے والے ٹرین حادثے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جب کہ سال جولائی 2004 میں ہونے والا ٹرین حادثہ ترکی کی تاریخ کا بدترین حادثہ ہے، جس میں 41 مسافر جاں بحق ہوئے۔